*نظام میراث نافذ کریں اور حقوق العباد کی ادائیگی میں کوتاہی نہ کریں*شمیم احمد مدنی
_____________________
ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر، یوپی کے زیر اہتمام اور باشندگان دودھونیاں بزرگ اور ہونہار طالب علم عزیزم اعجاز احمد کے تعاون سے بعد نمازِ عشاء گاؤں کی جامع مسجد میں ایک دعوتی واصلاحی پروگرام کا انعقاد کیا گیاجس کی صدارت ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر کے نائب امیر اور جامعہ سراج العلوم السلفیہ، جھنڈانگر، نیپال کے موقر استاد ومدیرالامتحانات مولانا عبدالرشید مدنی اور نظامت کا فریضہ ناظم جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی نے نبھائی، ناظم پروگرام کے کلمات تشکر وافتتاحی کلمات کے بعد جامعہ کے طلبہ نے تلاوت قرآن، حمد ونعت پیش کئے بعدازاں مہمان گرامی، جامعہ اسلامیہ مدینہ طیبہ کے فیض یافتہ،کتاب وسنت کے رمز شناس محب مکرم مولانا شمیم احمد مدنی مدیر دارالخیر فاونڈیشن، ممبئی نے “نظام میراث اور ہمارا سماج ” کے موضوع پر انتہائی موثر اور پرسوز آواز و انداز میں سامعین سے ہم کلام ہوئے، کتاب وسنت کی روشنی میں میراث کی اہمیت وضرورت بیان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ حقوق العباد کی ادائیگی میں کوتاہی ہرگز نہ کرو، نظام میراث نافذ کرکے اپنے رب کی خوشنودگی حاصل کرو، یہ بیٹیاں باعث رحمت ہیں،اگر یہ بیٹیاں دخول جنت کا سبب ہیں تو نار جہنم میں بھی لے جانے کا سبب بن سکتی ہیں،اس کے بعد جمعیت اہلِ حدیث حلقہ بڑھنی کے نائب ناظم شعلہ بارخطیب مولانا خالد رشید سراجی نے بہن اور بھائی کا پاکیزہ رشتہ کے عنوان پر ولولہ انگیز خطاب کیا، جامعہ سراج العلوم السلفیہ، کے جامع مسجد کے خطیب اور ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے نائب ناظم مولانا سعود اختر سلفی نے اپنے مخصوص لب ولہجہ اور خطیبانہ انداز میں کتاب وسنت کی روشنی میں تربیت اولاد کے موضوع پر گفتگو کی، وقت کی قلت کے پیش نظر صدر مجلس مولانا عبدالرشید مدنی نے مختصر مگر جامع اسلوب میں ضلعی جمعیت کی دعوتی سرگرمیوں کی تحسین کرتے ہوئے عوام الناس سے کہا کہ سب سے پہلے آپ اپنی اولاد کو دینی تعلیم وتربیت سے آراستہ کرو، اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرو، دنیا طلبی کے ساتھ ہمیشہ آخرت کی بھی فکر کرو، ناظم پروگرام نے تمام حاضرین اور سامعین کے شکریہ کے ساتھ مجلس کے اختتام کا اعلان کیا، ناظم جمعیت نے جملہ باشندگان دودھونیاں بطورِ خاص برادرمحترم تبارک حسین کا بصمیم قلب شکریہ ادا کیا جنھوں نے اس پروگرام کے انعقاد، علماء کرام کے والہانہ استقبال اور پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا،اسی طرح ڈاکٹر شراف الدین، ضمیر الحق، حکیم صغیر احمد، شعیب اختر، حبیب اللہ وغیرہم نے اخلاقی تعاون کیا، اللہ کے فضل وکرم اور گاؤں کے احباب گرامی کے مخلصانہ تعاون سے پروگرام اپنے مقصد میں کامیاب رہا،اللہ سب لوگوں کی کاوشوں کو شرف قبولیت بخشے، آمین
اپنے مضامین اور خبر بھیجیں
udannewsdesk@gmail.com
7462884092
ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں
https://www.facebook.com/udannewsurdu/