کارپورہ نشاط میں اپنی پارٹی کے کنونشن کا انعقاد

  کارپورہ نشاط میں اپنی پارٹی کے کنونشن کا انعقاد

 جموں کشمیر تعمیر و ترقی کی مطلوبہ رفتار کو برقرار رکھنے میں ناکام ہوا ہے: سید محمد الطاف بخاری

 کہا، نئی دلی کو یہاں امن و استحکام کی ضرورت ہو یا نہ ہو، لیکن جموں کشمیر کے عوام کو اسکی اشد ضرورت ہے

 جموں کشمیر کو تقسیم کرنا اور ایک یونین ٹریٹری بنانا ایک المیہ تھا، لیکن ہم ریاست کے درجے کی بحالی یقینی بنائیں گے: غلام حسن میر

سرینگر: اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کو تیز رفتار تعمیر و ترقی کےلئے پائیدار امن و استحکام کی سخت ضرورت ہے۔ وہ آج سرینگر کے کارپورہ نشاط میں پارٹی کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔

جموں کشمیر میں امن و استحکام کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ’’اس خطے کی تعمیر و ترقی اور یہاں کے عوام کی خوشحالی کےلئے دیرپا امن ناگزیر ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، “نئی دہلی کو یہاں پر امن ماحول کی ضرورت ہو یا نہ  ہو، لیکن ہمیں اس کی اشد ضرورت ہے کیونکہ فی الوقت ہمارے نوجوانوں کا مستقبل داو پر لگا ہوا ہے۔ ایک پر امن ماحول ہی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔”

سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ ناسازگار حالات کے ایک طویل دور کی وجہ سے جموں و کشمیر پائیدار ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے میں ناکام ہوا  ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ایک زمانے میں سرینگر کا شمار دُنیا کے خوبصورت شہروں میں کیا جاتا تھا، لیکن ہم اس شہر کی تعمیر و ترقی مطلوبہ رفتار سے جاری رکھنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔‘‘  انہوں نے وعدہ کیا کہ جب اپنی پارٹی کو یہاں حکومت بنانے کا مینڈیٹ حاصل ہوگا تو وہ جموں کشمیر  میں مساوی اور تیز رفتار ترقی کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا، ’’ہمارا کلیدی ایجنڈا جموں و کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے، اس لئے جب ہمیں حکومت سازی کا موقعہ فراہم ہوگا تو ہم یہاں جدید خطور پر ترقیاتی انفراسٹکچر قائم کرنے پر پوری توجہ مرکوز کریں گے۔‘‘

اس موقع پر پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے عزم ظاہر کیا کہ اپنی پارٹی جموں و کشمیر کا ریاست کا درجہ بحال کرنے  کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا، “5 اگست 2019 کے بعد کے واقعات کے بعد ہمیں یہ اندازہ ہونے لگا کہ آنے والے دنوں میں جموں کشمیر اور یہاں کے عوام کو مزید پریشانیوں اور مصائب کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس لئے ہم نے اُس نازک وقت پر اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہوجانے اور اُن کے حقوق کے تحفظ کےلئے جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس طرح سے سید محمد الطاف بخاری اور اُن کے ساتھیوں نے اپنی پارٹی کی داغ بیل ڈال دی۔

انہوں نے مزید کہا، ’’دفعہ  370 اور 35اے  کی منسوخی کے بعد ہمیں یہ خدشہ لاحق تھا کہ یہاں کے لوگ سرکاری ملازمتوں اور یہان کی زمینوں پر اپنا خصوصی حق کھو بیٹھیں گے۔ اسلئے ہم نئی دلی گئے اور مرکزی حکومت کو قائل کیا کہ وہ جموں کشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنے کی کوئی کوشش نہ کرے اور یہاں کی نوکریوں اور زمینوں پر صرف یہاں کے لوگوں کا حق برقرار رکھے۔ اس میں ہمیں کامیابی حاصل ہوئی اور ہم نے مرکزی سرکار کی جانب سے یہ اعلان کروایا کہ جموں کشمیر کی ڈیموگرافی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور یہاں کی زمینوں اور ملازمتوں پر صرف یہاں کے عوام کو حق حاصل رہے گا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’اگرچہ لیفٹنٹ گورنر  انتظامیہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے، لیکن کم از کم ہمیں یہ اطمینان حاصل ہے کہ جب بھی بھرتی ہوگی تو اس میں حصہ لینے کے اہل  صرف جموں و کشمیر کے نوجوان ہی ہوں گے۔ بالکل اسی طرح آج ہمیں یہ اطمینان حاصل ہے کہ یہاں کی زرعی زمینوں پر صرف جموں کشمیر کے باشندگان کو حق حاصل ہے۔‘‘

غلام حسن میر نے وعدہ کیا کہ اپنی پارٹی جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ایک المیہ تھا کہ 5 اگست 2019 کو نہ صرف جموں کشمیر کو دو خطوں میں تقسیم کیا گیا بلکہ اسے یونین ٹیریٹری (UT) میں تبدیل کر دیا گیا۔ لیکن میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ اپنی پارٹی جموں کشمیر کا ریاست کا درجہ بحال کراکے ہی دم لے گی۔‘‘

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں امن، خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی پارٹی کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا، ’’اپنی پارٹی بیان بازی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ روایتی سیاسی جماعتوں کے برعکس، اپنی پارٹی عوام کے ساتھ جھوٹے وعدے بھی نہیں کرتی ہے۔ ہم صرف قابل حصول اہداف کا وعدہ کرتے ہیں۔ اسی لیے ہم آپ سے صرف وعدہ کرتے ہیں کہ اپنی پارٹی یہاں امن، خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنائے گی۔ یہ چیزیں قابل حصول ہیں۔‘‘

  انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کریں تاکہ وہ زمینی سطح پر عوام سے جڑے رہیں۔

اس موقع پر سید محمد الطاف بخاری، غلام حسن میر، اور محمد اشرف میر کے علاوہ پارٹی کے خواتین ونگ کی صوبائی صدر دلشادہ شاہین، پارٹی کے یوتھ ونگ کے صوبائی صدر خالد راٹھور، خانیار حلقہ کے انچارج اور ضلع یوتھ صدر سرینگر محسن ظفر شاہ،  ضلع صدر سرینگر اور انچارج حبہ کدل حلقہ انتخاب جیلانی کمار، صوبائی یوتھ آرگنائزر عادل بٹ، یوتھ ونگ کے ضلع آرگنائزر عرفان زرگر، اور دیگر اشخاص موجود تھے۔

اپنے مضامین اور خبر بھیجیں


 udannewsdesk@gmail.com
 7462884092

ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں


  https://www.facebook.com/udannewsurdu/

loading...
udannewsdesk@gmail.comآپ بھی اپنے مضامین ہمیں اس میل آئی ڈی پر بھیج سکتے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *