رمضان اور قرآن

رمضان اور قرآن
دکتور منظور احمد مدنی
ماہ رمضان اور قرآن مجید کا بڑا گہرا تعلق ہے ‘ اس ماہ میں قرآں کا نزول اس کے امتیازی شان کو بڑھا دیتا ہے ‘ اور اس سے اس کے تعلق کو واضح کر دیتا ہے ۔ قرآن مجید کی جن آیتوں میں رمضان کے روزے کے احکام وآداب بتائے گئے ہیں انہیں آیتوں کے اثناء میں نزول قرآن کا بھی ذکر ہے جو کھل کر رمضان و قرآن کے درمیان تعلق کو بتاتا ہے اللہ تعالی کا ارشاد ہے : {شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِي أُنْزِلَ فِيهِ الْقُرْآنُ هُدًى لِلنَّاسِ وَبَيِّنَاتٍ مِنَ الْهُدَى وَالْفُرْقَانِ} [البقرة: 185]”ماه رمضان وه ہے جس میں قرآن اتارا گیا جو لوگوں کو ہدایت کرنے واﻻ ہے اور جس میں ہدایت کی اور حق وباطل کی تمیز کی نشانیاں ہیں” –
جب بات ایسی ہے تو ہمیں اس مبارک مہینے میں قرآن مجید کا خاص اہتمام کرنا چاہیے اور زیادہ سے زیادہ کلام پاک کی تلاوت کرنی چاہیے۔

خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس ماہ مبارک میں قرآن مجید کی تلاوت کا خصوصی اہتمام کیا کرتے تھے اور خوب محنت کیا کرتے تھے حدیثوں میں آتا ہے کہ رمضان کی ہر رات حضرت جبریل علیہ السلام نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات کرتے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم انہیں قرآن مجید سنایا کرتےتھے۔

صحابہ ‘ تابعین ‘ تبع تابعین اور ائمہ عظام اور تمام نیک بندوں نے رمضان کے مبارک مہینہ میں کلام پاک کی تلاوت کا خصوصی اہتمام کیا ہے ۔

ماہ رمضان میں نیکیوں کا اجر وثواب کئی گنا تک بڑھا دیا جاتا ہے‘ ایک نیکی دس نیکیوں کے برابر حتی کہ سات سوگنا تک بڑھا دی جاتی ہے‘ اس کو دھیان میں تلاوت قرآن کی فضیلت پر اس حدیث کو پڑھیے‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں : «مَنْ قَرَأَ حَرْفًا مِنْ كِتَابِ اللَّهِ فَلَهُ بِهِ حَسَنَةٌ، وَالحَسَنَةُ بِعَشْرِ أَمْثَالِهَا، لَا أَقُولُ الم حَرْفٌ، وَلَكِنْ أَلِفٌ حَرْفٌ وَلَامٌ حَرْفٌ وَمِيمٌ حَرْفٌ»(ترمذي:2910)”جو قرآن مجید کا ایک حرف پڑھتا ہے اسے ایک نیکی ملتی ہے‘ ایک نیکی دس گنا کے برابر ہوتی ہے ‘میں نہیں کہتا کہ الم ایک حرف ہے بلکہ الف ایک حرف ہے‘ لام دوسرا اور میم تیسرا حرف ہے “۔

جب بات ایسی ہے تو ہمیں اس مبارک مہینہ میں قرآن مجید کا خاص اہتمام کرنا چاہیے ‘آئیے اب ہم آپ کو اہتمام کی کچھ خاص شکلیں بتاتے ہیں ۔

۱۔کثرت سے قرآن مجید کی تلاوت کیجئے ‘کیونکہ تلاوت کلام پاک ایک نیک عمل ‘ باعث ہدایت اور اللہ سے محبت کی دلیل ہے ‘ رمضان میں ایک سے زائد مرتبہ قرآن ختم کرنے کی کوشش کیجئے ۔ بعض اسلاف ہر تین دن میں ایک مرتبہ قرآن ختم کرلیا کرتے تھے ۔

۲۔ اگر خود سے تلاوت نہیں کر سکتے یا کسی وجہ سے تلاوت نہیں کر نا چاہتے تو سنیے: { وَإِذَا قُرِئَ الْقُرْآنُ فَاسْتَمِعُوا لَهُ وَأَنْصِتُوا لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُونَ } [الأعراف: 204]”اور جب قرآن پڑھا جایا کرے تو اس کی طرف کان لگا دیا کرو اور خاموش رہا کرو امید ہے کہ تم پر رحمت ہو”.

آپ صلی اللہ علیہ وسلم صحابہ کے سامنےقرآن کی تلاوت کرتے اور وہ سنتے تھے اور کبھی کبھار آپ صلی اللہ علیہ وسلم کسی صحابی کی زبانی قرآن سنا کرتے تھے ۔

۳۔ کلام الہی میں غور وفکر اور تدبر کیجیے‘ ارشاد باری ہے : {أَفَلَا يَتَدَبَّرُونَ الْقُرْآنَ أَمْ عَلَى قُلُوبٍ أَقْفَالُهَا } [محمد: 24]”کیا یہ لوگ کتاب الہی قرآن مجید میں غور وفکر نہیں کرتے یا ان کے دلوں پر تالے پڑے ہوئے ہیں “۔

اور فرمایا : {كِتَابٌ أَنْزَلْنَاهُ إِلَيْكَ مُبَارَكٌ لِيَدَّبَّرُوا آيَاتِهِ وَلِيَتَذَكَّرَ أُولُو الْأَلْبَابِ } [ص: 29]”یہ ایک مبارک کتاب ہے جو ہم نے آپ پر اتاری ہے تاکہ لوگ اس کی آیتوں میں غور وفکر کریں اور تاکہ عقل وخرد والے نصیحت حاصل کریں”۔

اگر مسلمان قرآن مجید کو غور وفکر سے پڑہنا شروع کردیں تو بہت سارے شرکیہ اعمال ‘ گمراہیا ں اور بدعتوں سے بچ جائیں گے اور صحیح اسلام کو سمجھنے لگیں گے ۔

۴۔قرآن مجید کی تلاوت و تدبر کے ساتھ ساتھ اس کے احکام وہدایت پر عمل بھی کریں ایمانیات پر ایمان لائیں‘ عبادات پر عمل کریں‘ ذکر واذکار کی پابندی کریں ‘اخلاق وعادات کو اپنائیں ‘قرآن میں جہاں جنت کا ذکر ہو اللہ سے جنت مانگیں اور جہنم کی آیتوں پر اللہ کی پنا ہ طلب کریں ‘توبہ وا ستغفار اور تسبیح وتحمید کی جگہوں پر ان اعمال کو انجام دیں ‘صدقہ وخیرات سے متعلق آیتوں کی تلاوتوں کے بعد صدقہ کرنے کی کوشش کریں ۔

الغر ض رمضان کے اسی مبارک مہینہ میں قرآن کے ساتھ تعلق کو استوار کیجئے اور مستحکم بنائیے : {إِنَّ هَذَا الْقُرْآنَ يَهْدِي لِلَّتِي هِيَ أَقْوَمُ} [الإسراء: 9] “یقیناً یہ قرآن وه راستہ دکھاتا ہے جو بہت ہی سیدھا ہے”. «خَيْرُكُمْ مَنْ تَعَلَّمَ القُرْآنَ وَعَلَّمَهُ» “تم میں سے بہتر ہے جو قرآن پڑھے اور پڑھائے”. “اقْرَءُوا الْقُرْآنَ فَإِنَّهُ يَأْتِي يَوْمَ الْقِيَامَةِ شَفِيعًا لِأَصْحَابِهِ” (قرآن پڑھو کیونکہ یہ قیامت کے دن شفارشی بن کر آئے گا”.

اللہ تعالی ہم سب مسلمانوں کو اس کی توفیق عطا فرمائے آمین۔

اپنے مضامین اور خبر بھیجیں


 udannewsdesk@gmail.com
 7462884092

ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں


  https://www.facebook.com/udannewsurdu/

loading...
udannewsdesk@gmail.comآپ بھی اپنے مضامین ہمیں اس میل آئی ڈی پر بھیج سکتے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *