*خود غرض بیٹی*
نعمت تیمی
جامعہ ملک خالد ابھا سعودی عرب
ٹرین میں سفر کے دوران وقت گزاری کے لئے ایک معمر شخص جو ہمارے بغل میں ہی بیٹھے تھے جن کا تعلق ہندو دھرم سے تھا سے گفتگو شروع کی
میں۔ آپ کہاں تک جائیں گے بابا ؟؟
بزرگ ۔ الہ آباد تک ۔
میں ۔ کمبھ میں تو ابھی بہت ٹائیم ہے (میں نے مذاق میں کہا )
بزرگ ۔وہیں کنارے پر بیٹھ کر کمبھ کا انتظار کریں گے ، بیٹی بیاہ لئے ہیں اب تو بس جیون میں کمبھ کا ہی انتظار رہ گیا ہے ۔
میں ۔ اچھا آپ کے پریوار میں کون کون ہیں ؟؟
بزرگ ۔ کوئی نہیں بس ایک بیٹی تھی پچھلے ہفتے اس کا بیاہ کر دیا ۔
میں ۔اچھا داماد کیا کرتا ہے ؟؟
بزرگ ۔ وہ ہماری بیٹی سے پیار کرتا ہے ۔(کہتے ہوئے بزرگ نے اپنی نم آنکھیں پنکھے پر ٹکا دی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تھوڑی دیر کی چپی کے بعد جب میں نے ان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر دھیرے سے کہا کہ غم بانٹنے سے کم ہوتا ہے بابا تو ان کی آنکھوں سے آنسؤں کا سیلاب امڈ پڑا تھوڑا شانت ہونے کے بعد انہوں نے بتانا شروع کیا کہ بیٹی کہ اگر میری شادی اس لڑکے سے نہیں ہوئی تو میں زہر کھا کر اپنی جان دے دوں گی بغیر ماں کی بچی تھی اس کی خوشی کے لئے سب کچھ جانتے ہوئے بھی میں نے ہاں کہہ دی اور پورے دھوم دھام سے شادی کی ۔ اس شادی میں میں نے اپنی ساری پونجی لگا دی اور اس کے ماں کے بچے ہوئے جتنے بھی زیور تھے سب کو بیچ ڈالا تبھی شادی کے عین ایک دن پہلے سمدھی جی پدھارے اور جہیز کی مانگ رکھ دی جب میں نے منع کیا تو بیٹی نے کہا آپ کے بعد تو سب میرا ہی ہے تو کیوں نہیں ابھی دے دیتے ! تب میں نے زمین اور گھر بھی بیچ دی اور نقد کے ساتھ جہیز کا انتظام کر دیا ۔
میں . سب کچھ تو اس بیوقوف لڑکی کا ہی تھا آپ کو منع کر دینا چاہئے تھا ، کہہ دیتے کہ آپ کے مرنے کے بعد گھر اور زمین کا جو چاہے کرے ۔
بزرگ ۔ مغموم مسکراہٹ کے ساتھ گویا ہوئے کوئی باپ اپنے سکھ کے لئے بیٹی کی گرہستی میں کلیش نہیں چاہتا بیٹا ۔
میں ۔۔ حد ہے مطلب اس لڑکی کے دل میں آپ کے لئے تھوڑا بھی پیار نہیں ؟؟؟
بزرگ۔ نہیں ایسا نہیں ہے بدائی کے وقت بہت روئی تھی ۔
میں . اور آپ ؟؟؟
بزرگ ۔ ایک پھیکی مسکان کے ساتھ ۔۔۔ ہم تو بے حس آدمی ہیں ہماری پتنی جب اس کو ہماری گود میں چھوڑ کر ارتھی پر لیٹی تھی تب بھی ہم رونے کے بجائے چولہے پر بیٹی کے لئے دودھ گرم کر رہے تھے ۔۔۔
اپنے مضامین اور خبر بھیجیں
udannewsdesk@gmail.com
7462884092
ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں
https://www.facebook.com/udannewsurdu/