مملکت التوحيد سعودی عرب کا 93 واں قومی دن

محمد ھاشم بشیر احمد مدنی*
استاذ جامعہ امام ابنِ تیمیہ

پورے عالمِ اسلام میں سعودی عرب کی اہمیت وعظمت اور قدر و منزلت مسلم ہے، اور اس کی یہ عظمت و فضیلت مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ یعنی حرمین شریفین کی وجہ سے ہے، پوری دنیا کے مسلمان رو بقبلہ ہوکر بیت اللہ الحرام کی طرف پنج وقتہ فرض نماز ادا کرتے ہیں، یہ تقدس واہمیت فطری اور دینی طور پر جگ ظاہر ہے۔
یقیناً مملکت ِ سعودی عرب مملکت توحید ہے، مملکتِ سنت ہے، مملکت ِ شریعت ہے، مملکتِ رسالت ہے، مملکتِ نبوت ہے۔
مملکت ِ سعودی عرب جہاں پر کتاب و سنت کا راج ہے، توحید و سنت کی حکمرانی ہے، علماء کرام کی تکریم ہے، علم و عمل کی تعظیم ہے، امن و امان کا دور دورہ ہے، شانتی و اطمینان کا پہرہ ہے، قانون و نظام اس کا شیوہ ہے، اور قرآن و حدیث کا یہاں بول بالا ہے۔
سعودی عرب واحد ایسا ملک ہے جہاں پر ۲۴ گھنٹے پولیس والے ڈیوٹی بہ حسن و خوبی انجام دیتے ہیں، جہاں پر بلا امتیاز ہر شخص کے ساتھ یکساں برتاؤ کیا جاتا ہے، کیا امیر کیا غریب، کیا عامل کیا کفیل؟ کیا چھوٹا کیا بڑا؟ کیا مرد کیا عورت؟ سب کے ساتھ ایک قانون، ایک نظام، ایک حکم ایک عمل، چاہے وہ ملکی ہو یا غیر ملکی سب کے ساتھ یکساں سلوک کیا جاتا ہے۔
جہاں شرک کے اڈے ہیں نہ بدعات وخرافات کے مراکز و سینٹرز، جہاں نہ قبے و مزارات ہیں اور نہ باباؤں کے چبوترے، جہاں نہ قبروں کی پرستش ہوتی ہے نہ ڈھونگیوں کی کوئی تکریم و تعظیم۔
سعودی عرب ایک ایسا ملک ہے جو اپنے خرچ پر دنیا کے تقریباً تمام ممالک سے طالبان علوم نبوت کو بلا کر تعلیم و تعلم، تدریس و تربیت کا انتظام کرتا ہے، اور مبلغین و دعاۃ بناکر بھیجتا ہے، جو منہج سلف کی روشنی میں کتاب و سنت کی تعلیمات کو نشر و اشاعت کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔
سعودی عرب ایک ایسا ملک ہے جہاں سے دنیا کے تمام ممالک میں اپنے خرچ پر دعاۃ و مبلغین، معلمین و مربین کی حیثیت سے روانہ کرتا ہے اور اسلامی تعلیم و تربیت اور تزکیہ و اصلاح کا انتظام کرتا ہے۔
اسی وجہ سے حجاز مقدس ہماری عقیدتوں کا محور اور روحانیت کا مرکز ہے۔ ہمارے دل اس کی محبت میں دھڑکتے ہیں، اس سے تعلقِ خاطر ہمارے ایمان کا حصہ ہے، دل و دماغ کی تمام وسعتیں، گہرائیاں اور حرمین شریفین کی محبت سے معمور روح کی ساری پنہائیاں اس سے لبریز ہیں، سعودی عرب کے حکمران، جس اخلاص اور فراخ دلی سے اسلام کی خدمت اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی معاونت کرتے ہیں، اس کے باعث بھی ہمارے خراجِ تحسین و عقیدت کے حق دار قرار پاتے ہیں۔
سعودی عرب نے امت مسلمہ کے لیے جو خدمات انجام دیا ہے وہ تاریخ کا سنہرا باب ہے، اسلام اور امت مسلمہ کے لیے سعودی حکومت کی مخلصانہ و ہمدردانہ خدمات کو امت مسلمہ کبھی فراموش نہیں کرے گی، تمام مسلمانانِ عالم سعودی عرب اور خادم حرمین شریفین سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں اور سعودی عرب کی ترقی وخوشحالی کو اپنی ترقی وخوشحالی سمجھتے ہیں، آج یہ مملکت اسلام اور مسلمانوں کا قلعہ ہے جس کی مقدس سر زمین پر قبلہ اور حرمین شریفین موجود ہیں، سعودی حکمرانوں کے اخلاص کی بدولت ملک میں قانون الہی کی عملداری اور امن و سکون کا دور دورہ ہے اور اس کے باشندے اپنی مقبول قیادت سے محبت اور وفاداری کے باعث خوشحال اور پرمسرت زندگی گزار رہے ہیں، سعودی حکومت نے ہمیشہ اپنے عوام کو اسلامی طرز حیات، جدید علوم وفنون کی خدمات اور مختلف شعبوں میں تعمیر و ترقی کے ہر ممکن مواقع فراہم کئے ہیں، اسی طرح خدمت خلق کے لئے بھی آل سعود نے نیم سرکاری وغیر سرکاری تنظیم قائم کی جن میں رابطہ عالم اسلامی مسلمانوں کی بین الاقوامی تنظیم کا درجہ رکھتی ہے جس کا مقصد مسلمانوں میں یکجہتی پیدا کرنا، اسلام کی دعوت و تبلیغ اور اسلامی تعلیمات کو فروغ دینا اور اسلام کے بارے میں شکوک و شبہات کو دور کرنا اور گمراہ کن عقائد و نظریات کی نفی کرنا ہے۔ آل سعود نے ہمیشہ اسلامی تعلیمات پر پوری طرح عمل درآمد، ملک میں نفاذ قرآن و سنت اور ایک مستحکم اسلامی معاشرہ کے قیام کے لئے تاریخی خدمات انجام دی ہیں۔
سال رواں 2023 سعودی عرب کے تیرانوے (93) یوم وطنی کی مناسبت سے مملکت سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور جملہ باشندگان کو صمیم قلب سے تہنیت اور تبریک پیش کرتے ہیں، اور اللّٰہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ مملکت سعودی عرب کی حفاظت فرمائے اور امن و امان کو برقرار رکھے اور تعمیر و ترقی سے ہمکنار کرے، اور حاسدوں کی حسد سے محفوظ رکھے، آمين يا رب العالمين.

اپنے مضامین اور خبر بھیجیں


 udannewsdesk@gmail.com
 7462884092

ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں


  https://www.facebook.com/udannewsurdu/

loading...
udannewsdesk@gmail.comآپ بھی اپنے مضامین ہمیں اس میل آئی ڈی پر بھیج سکتے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *