بارہ بنکی:انجمن مسلم آنہ فنڈ فتح پور کے زیر قیادت تاریخی جلوس مدح صحابہ نکالا گیا

*بارہ بنکی:انجمن مسلم آنہ فنڈ فتح پور کے زیر قیادت تاریخی جلوس مدح صحابہ نکالا گیا*

*ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہماری زندگی رسول اور صحابہ والی ہو:مولانا حبیب قاسمی*

*جلوس میں شرکت کرنے والی انجمنوں نے نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کیا*

بارہ بنکی،(ابوشحمہ انصاری) بارہ ربیع الاول کے مبارک موقع پر انجمن مسلم آنہ فنڈ کی زیر قیادت قصبہ فتحپور میں تاریخی جلوس مدح صحابہ بڑی شان و شوکت کے ساتھ اپنے قدیم طیشدہ راستوں سے نکالا گیا۔ معلوم ہو کہ حضرت محمد صل اللہ علیہ وسلم اور ان کے جاں نثار صحابہ کی یاد میں یہ جلوس پچھلے 95 سالوں نکالا جا رہا ہے، اس جلوس میں اس بار 71 انجمنوں نے شرکت کی اور بڑی عقیدت کے ساتھ نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔ جامع مسجد فتح پور کے امام مولانا محمد حبیب قاسمی، انجمن مسلم آنہ فنڈ کے صدر محمد اسلم ایڈووکیٹ اور ذیلی سیرت کمیٹی کے صدر ڈاکٹر جمال الدین علیگ نے دفتر سے پرچم کشائی کرکے جلوس مدح صحابہ کا آغاز کیا۔اس موقع پر قصبہ فتح پور کے معروف سماجی کارکن و سینئر ڈاکٹر سمر سنگھ سمیت کافی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔اس موقع پر مولانا محمد حبیب قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا یہ تاریخی جلوس مدح صحابہ ہم لوگ محمد صل اللہ علیہ وسلم اور انکے جاں نثار صحابہ کرام کے نام سے نکالتے ہیں۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہماری زندگی رسول اور صحابہ والی ہو اور ایک دوسرے کی مدد کرنے والی ہو۔ہم لوگ دین اور اسلام کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں۔ انجمن مسلم آنہ فنڈ کے سکریٹری ماسٹر احمد سعید نے کہا کہ یہ جلوس امن و اماں، انسانیت، ایثار و اخوت کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے آگے کہا کہ جلوس کی نگرانی کے لئے انجمن مسلم آنہ فنڈ کی جانب سے جو والینٹیر بنائے گئے ہیں، وہ جلوس کے ساتھ ہی رہیں گے، تاکہ کہیں پر کسی طرح کی کوئی دقت پیش نہ آئے اور جلوس پر امن طریقے سے با ترتیب اختتام پذیر ہوسکے۔
جلوس مہاویر مارگ سے ہوتا ہوا جامع مسجد فتح پور، سبزی منڈی، فیاض پورہ، پھول والی گلی، برہمنی ٹولا، درگاہ مخدوم شاہ، مستان روڈ، کٹرہ ریلوے اسٹیشن روڈ، مرکز مسجد، دروغہ مسجد، کھجور والی مسجد، مدینہ مسجد، قاضی پور چھوٹی مسجد، بڑی مسجد، سٹی بازار، مسجد درزیان، مویشی اسپتال نزد پانی ٹنکی، مولوی گنج، مسجد قلع، منشی گنج بازار ہوتا ہوا قدیم جلسہ گاہ ستبرجی مسجد کے صحن میں اختتام پذیر ہوا ۔مولانا حبیب قاسمی کی دعا کے بعد جلوس میں شرکت کرنے والی سبھی انجمنوں کو مہمان خصوصی سابق چیئرمین محمد مشکور، انجمن مسلم آنہ فنڈ کے صدر محمد اسلم ایڈووکیٹ، نائب صدر مولانا صابر قاسمی، نائب سکریٹریٹ عتیق احمد، ذیلی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری شاکر بحلیمی، خزانچی حاجی اعجاز احمد انصاری، شکیل صدف، یوسف جمال، محمد عقیق وغیرہ کے بدست شیلڈ دیکر اعزاز سےنوازا گیا، اس جلوس کا استقبال سبھی مذہب، مسلک و طبقہ کے لوگوں نےکیا۔ جلوس کی حفاظت کے مدنظر ایس، ڈی،ایم فتح پور پون کمار، سرکل افسر رگھویر سنگھ، کوتوالی انچارج ڈی،کے،سنگھ چوکی انچارج سدھیر یادو سمیت دیگر پولس افسران مستید رہے، اس موقع پر جلوس کے ذمیداران کے ساتھ کثیر تعداد میں لوگ موجود رہے۔

اپنے مضامین اور خبر بھیجیں


 udannewsdesk@gmail.com
 7462884092

ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں


  https://www.facebook.com/udannewsurdu/

loading...
udannewsdesk@gmail.comآپ بھی اپنے مضامین ہمیں اس میل آئی ڈی پر بھیج سکتے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *