مسجد الفلاح پھلواری شریف میں دو روزہ تزکیۂ ایمان کانفرنس کا انعقاد
_________________________
شیخ مقصود الحسن فیضی، شیخ طیب بھواروی اور ڈاکٹر محمد سراج اللہ تیمی نے کیا خطاب
_________________________
پھلواری شریف (پریس ریلیز) مسجد الفلاح ، فیڈرل کالونی ، عیسیٰ پور ، پھلواری شریف ، پٹنہ کی انتظامیہ کمیٹی کے زیر اہتمام مورخہ 11/12 نومبر 2023 کو دو روزہ دینی ، دعوتی ، تبلیغی ، اصلاحی ، علمی اور تربیتی اجلاس مسجد الفلاح میں بعد نماز مغرب تا عشاء منعقد ہوا۔ پہلے دن کا اجلاس خواتین کے لیے مختص تھا، جس میں ڈاکٹر محمد سراج اللہ حشمت اللہ تیمی نے نظامت کے ساتھ ساتھ ” فتنئہ ارتداد ” کے موضوع پر خطاب کیا جبکہ محمد شہاب الدین نے صدارت کی ذمہ داری نبھائی۔اجلاس کا آغاز محمد معراج کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں مدرسہ اسلامیہ بھوارہ، ضلع مدھوبنی کے سینئر استاد و سابق داعی و مبلغ جالیات ، سعودی عرب فضیلۃ الشیخ طیب سلفی بھواروی نے ” جنتی عورتوں کی صفات ” پر پرمغز خطاب کیا۔ ان کے بعد مقرر خصوصی کی حیثیت سے تشریف لائے (سعودی عرب میں تقریبا چالیس بیالیس برسوں سے مقیم) معروف قلمکار ، مصنف ، مؤلف ، مترجم ، داعی ، مبلغ و خطیب فضیلۃ الشیخ مقصود الحسن فیضی نے ” عورتوں کی باہمی ملاقات : اہمیت و آداب ” کے موضوع پر کتاب وسنت کی روشنی میں نہایت مدلل و جامع خطاب کیا۔ اس کے بعد سوالات، جوابات کا سیشن رکھا گیا جس میں شیخ مقصود الحسن فیضی نے خواتین کے درجنوں تحریری سوالات کے اطمینان بخش جوابات دئیے۔ دوسرے دن کا اجلاس بھی 12 نومبر کو مسجد الفلاح میں ہی بعد نماز مغرب منعقد ہوا جس کی بھی نظامت کی ذمہ داری ڈاکٹر محمد سراج اللہ حشمت اللہ تیمی نے بحسن و خوبی انجام دی۔ ساتھ ہی ڈاکٹر موصوف نے ” تزکیۂ ایمان ” پر مختصراً خطاب بھی کیا۔ دوسری نشست میں دس سالہ طالب علم امیر حمزہ ریاض نے تلاوت قرآن کریم کی۔ بعد ازاں شیخ محمد علی ندوی نے بیش قیمتی تقریر کی۔ان بعد ناظم اجلاس ڈاکٹر محمد سراج اللہ تیمی نے فضیلۃ الشیخ طیب سلفی کو دعوت سخن دی۔ موصوف نے ” قیامت کی ہولناکیاں ” کے عنوان پر دل کو چھو لینے والی تقریر کی جس کی سماعت سے حاضرین پر رقت طاری ہو گئ۔ ان کے بعد ناظم اجلاس ڈاکٹر سراج اللہ نے مقرر خصوصی فضیلۃ الشیخ مقصود الحسن فیضی کو دعوت سخن دی۔ شیخ نے قرآن کریم کی آیت کریمہ ” یا ایھا الذین آمنوا ادخلوا فی السلم کافۃ ” کی روشنی میں نہایت جامع اور پرتاثیر خطاب کیا اور ارکان ایمان کی تشریح و توضیح کی اور دنیا و عقبی دونوں میں کامیابی کے لیے مکمل طور پر اسلام میں داخل ہونے اور فرائض و واجبات کے علاوہ سنن و نوافل کو بھی اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے کی سامعین کو مشفقانہ و ہمدردانہ طور پر تلقین کی۔دوسرے دن بھی اختتام تقریر پر مرد و خواتین کے درجنوں تحریری سوالات کے جوابات کتاب وسنت کی روشنی میں دیے۔ شیخ موصوف اپنے تین روزہ دعوتی اور تبلیغی دورہ پر مورخہ 10 نومبر 2023 کو پٹنہ تشریف لائے تھے۔ اس دوران 10 نومبر 2023 کو حج بھون پٹنہ میں خطبہ جمعہ دیا تھا۔اسی دن بعد نماز مغرب تا نماز عشاء جامع مسجد ، سلطان پور ، دانا پور میں مجمع عام سے خطاب کیا تھا۔ شہباز پورہ کی مسجد، محمد ممتاز ملت کالونی کی رہائشگاہ اور محمد مبین عالم کے دفتر حج و عمرہ ٹریول میں بھی دروس دئیے۔ مذکورہ تمام اجلاسوں میں بڑی تعداد میں شرکت کی اور کتاب و سنت پر مبنی علمائے کرام کے خطابات سے بھرپور استفادہ کیا۔ ان کے کامیاب انعقاد میں محمد حارث، مبین عالم، محمد مختار، ڈاکٹر شکیل احمد، عبد السلام، محمد سرفراز اور محمد رضوان وغیرہم نے اہم کردار نبھائے۔
اپنے مضامین اور خبر بھیجیں
udannewsdesk@gmail.com
7462884092
ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں
https://www.facebook.com/udannewsurdu/