ٹائم آوٹ

ٹائم آوٹ ____
مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی
نائب ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف
”ٹائم آوٹ“ کا مطلب عام طورپر وقت ختم سمجھا جاتا ہے، لیکن کرکٹ کی اصطلاح میں کسی کھلاڑی کا ٹسٹ پیچ میں وکٹ گرنے کے تین منٹ، یک روزہ میچ میں دو منٹ اور ٹی-20 میں نوے سکنڈ تک پچ پر نہ پہونچنے کو ”ٹائم آؤٹ“ کہتے ہیں، اگر مقررہ وقت کے اندر کھلاڑی پچ پر نہ پہونچے تو مخالف ٹیم کی اپیل پر اسے آؤٹ مان لیا جاتا ہے، عالمی کرکٹ میں پہلی بار یہ واقعہ ہوا کہ سری لنکا کے بلے باز اینجے لو میتھ یوز کو بنگلہ دیش کے کپتان ثاقب الحسن کی اپیل پر امپائر نے ”ٹائم آؤٹ“ قرار دیا، گویا وہ بنا کھیلے ہی آؤٹ ہوگئے، واقعہ یہ ہوا کہ پچیسویں اوور میں سمرو کرما کے آؤٹ ہونے کے بعد اینجے لو میتھ یوز کو کھیلنے کے لئے آنا تھا، وہ تیار بھی ہوچکے تھے؛ لیکن عین وقت پر انہوں نے دیکھا کہ ان کے ہیلمیٹ کا اسٹریپ ٹوٹ گیا ہے، جب تک دوسرا ہیلمٹ ان کو فراہم کیا جاتا، دو منٹ گذر چکے تھے، اس لئے سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان دہلی میں کھیلا جانے والا میچ اس اعتبار سے تاریخی ہوگیا کہ بین الاقوامی میچ میں یہ پہلا موقع تھا جب کسی کھلاڑی کو تاخیر سے پچ پر پہونچنے کی وجہ سے بغیر کھیلے آؤٹ مان لیا گیا، گھریلو میچوں میں ایسا پہلے پانچ بار ہوچکا ہے۔
1987-88 میں اینڈیو وارڈن کو ایسٹرن پروونس بنام ٹرانسوال کے میچ سے پورٹ الزبتھ میں، 1997 میں ہیمولال یادو، تری پورہ مقابل اڈیشہ کے میچ سے کٹک میں، 2002 میں وی سی ڈریکس کو بارڈر مقابل فری اسٹیٹ ایسٹ لندن میں، 2003 میں اے جے ہیرس کو نوٹنگھم شائر مقابل ڈرہم نوٹنگھم میں، 2013-14 میں ریان آسٹن کو ونڈورڈ آئی لینڈ مقابل کمبائنڈ کیمپس اینڈ کالج، سنٹ ویسنٹ میں اور2017 میں چارلس کنجے کو ماٹابیلے لینڈ ٹسکرس مقابل ماؤنٹ ٹینیرس، بلاوایا میں ٹائم آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔
یہ کھیل میں ٹائم آؤٹ ہونے کی بات تھی، اللہ رب العزت نے ہمیں بھی کام کرنے اور میدان عمل میں رہنے کے لئے ایک وقت مقرر دیا ہے، اس وقت مقرر میں ہی ہمیں بھی تیاری کرلینی ہے، ”ٹائم آؤٹ“ ہونے سے قبل ہی تیاری مکمل ہوجانی چاہئے، ورنہ وقت گذر جائے گا اور ہم ”ٹائم آؤٹ“ ہوجائیں گے، اس وقت ہیلمٹ کا اسٹریپ ٹوٹا ہے یادرست، دیکھنے کا وقت نہیں رہے گا، ٹائم آؤٹ ہوتے ہی ہم میدان عمل آخرت کی اس کھیتی سے محروم کر دیئے جائیں گے، اس وقت ہماری خفگی، شرمندگی کچھ کام نہیں آئے گی، اس کے بعد ہم ایک دوسری دنیا میں ہوں گے، جہاں کے قواعد وضوابط اس دنیا سے بالکل الگ ہوں گے، عقل مند وہ ہے جو ”ٹائم آؤٹ“ ہونے سے قبل اپنی ساری تیاری مکمل کرلے۔

اپنے مضامین اور خبر بھیجیں


 udannewsdesk@gmail.com
 7462884092

ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں


  https://www.facebook.com/udannewsurdu/

loading...
udannewsdesk@gmail.comآپ بھی اپنے مضامین ہمیں اس میل آئی ڈی پر بھیج سکتے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *