سعودی عرب کا ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کا فیصلہ قابل ستائش ۔

سعودی عرب کا ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کا فیصلہ قابل ستائش ۔

محمد فہیم الدین تیمی
رابطہ نمبر : 9661667330

سعودی عرب پوری دنیا میں اپنی انسانی و اسلامی خدمات کے لیے مشہور ہے ۔ وہ تنہا ایسا ملک ہے جو بغیر کسی مادی فائدے کے سب سے زیادہ رفاہی کام کرتا ہے ۔ اہم بات یہ ہیکہ رفاہی کام کرنے کے معاملے میں سعودی عرب ملک و وطن، مذہب و ملت،رنگ و نسل اور دوست و دشمن کسی بھی چیز کا فرق و امتیاز نہیں کرتا ہے ۔ جہاں تک دوسرے ممالک کی بات ہے تو عام طور پر وہ اگر رفاہی کام کرتے بھی ہیں تو اپنی داخلی و خارجی پالیسی کا ضرور خیال رکھتے ہین ۔ لیکن سعودی عرب کی شان ہی الگ ہے ۔ عالم اسلام میں سعودی عرب کا جو قائدانہ کردار ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے ۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہیکہ سعودی عرب اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کو اپنا مقصدِ اولیں سمجھتا ہے ۔ وہ صرف امت مسلمہ ہی نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کرتا آیا ہے ۔ پوری دنیا کے اندر سعودی عرب انسانی بنیادوں پر اپنی خدمات پیش کرتا رہا ہے ۔ جہاں تک اسلام اور مسلمانوں کی بات ہے تو ان کی خدمت کرنا اس کا طرہ امتیاز ہی ہے ۔ وہ اس میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرتا۔ سعودی عرب ہر سطح پر عالم اسلام کی مدد کرتا ہے ۔ وہ مسلمانوں کو دینی،تعلیمی،معاشی اور سیاسی سطح پر مضبوط اور خوشحال دیکھنا چاہتا ہے ۔ اس کے لئے سعودی عرب ہمیشہ سے کوشاں رہا ہے ۔ دنیا کے مختلف ممالک میں سعودی عرب نے ان کی تعلیم و تربیت کے لیے تعلیمی مراکز اور یونیورسٹی و جامعات کا انتظام کیا۔ خود ملک کے اندر سعودی عرب نے متعدد یونیورسٹیاں قائم کیں جن میں وہ پوری دنیا کے مسلمان طلبہ کو اسکالرشپ کے ساتھ داخلہ دیکر تعلیم سے آراستہ و پیراستہ کرتا ہے ۔ مدینہ اسلامی یونیورسٹی،مدینہ منورہ عالم اسلام کی ایک مایہ ناز اور عالیشان یونیورسٹی ہے جس کے قیام کا مقصد ہی امت مسلمہ کی نئی نسل کو شرعی علوم و فنون سے روشناس کراکر ان کی زندگی کو خیر و بھلائی اور ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کرنا ہے ۔ حقیقت میں یہ یونیورسٹی سعودی عرب کی طرف سے عالم اسلام کی خدمت کا عظیم نمونہ ہے ۔ اس یونیورسٹی میں تقریباً نوے فیصد سے زائد طلبہ غیر سعودی ہیں ۔ حکومت سعودی عرب ہر سال اس یونیورسٹی پر خطیر رقم خرچ کرتی ہے ۔ اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ سعودی عرب ذاتی مفادات سے اوپر اٹھ کر خالص رضائے الٰہی اور امت مسلمہ کی بہبودی کے لیے کس قدر قربانیاں دے رہا ہے ۔ یہ سب لکھنے کا مقصد یہ ہیکہ سعودی عرب کا ہدف اور مشن بے لوث ہوکر اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کرنا ہے جس کو وہ پوری تندہی کے ساتھ انجام دے رہا ہے ۔
عالم اسلام کی دینی خدمت کی کڑی میں سعودی عرب کی قیادت نے 3/جنوری 2024 ء کو پوری دنیا سے ایک ہزار اشخاص کو عمرہ کرانے کو منظوری دی ۔ عالم اسلام کی ایک ہزار معتبر اور علمی و دینی شخصیات کو عمرہ کرانے کا یہ عظیم الشان کام پروگرام ” ضیوف خادم الحرمین الشریفین برائے حج و عمرہ و زیارت” کے تحت وزارت برائے اسلامی امور و دعوت و ارشاد کی زیر نگرانی انجام دیا جائے گا ۔ سعودی عرب حکومت کی طرف سے اس عظیم الشان منصوبہ کی منظوری ملنے پر وزارتِ برائے اسلامی امور و دعوت و ارشاد کے وزیر ڈاکٹر عبد اللطیف بن عبد العزیز آل شیخ نے شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان کا اس عظیم مشن کی منظوری پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بلا شبہ یہ فیصلہ اسلامی اخوت کو فروغ دینے، امن و محبت کو عام کرنے اور دنیا سے تشدد کو ختم کرنے والا ہے “۔ سعودی عرب کے اس اعلان سے واضح ہو جاتا ہے کہ وہ پوری دنیا کے مسلمانوں سے یکساں محبت کرتا ہے اور ان کی دینی رہنمائی اور بھلائی کے لیے ہمشہ کوشاں رہتا ہے ۔ عالم اسلام کی خدمت و محبت میں سعودی عرب مسلک و مشرب اور رنگ و نسل اور قومیت کو آڑے آنے نہیں دیتا ہے بلکہ وہ پوری دنیا کے مسلمانوں کو خدمت کرنے کے معاملے میں ایک نظر سے دیکھتا ہے ۔ سعودی عرب عالم اسلام کو متحد دیکھنا چاہتے ہے ۔ ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کا ایک اہم مقصد مسلمانوں کو متحد کرنا اور ان کے درمیان کھائی کو پاٹنا بھی ہے ۔ جب بھی سعودی عرب پوری دنیا کے مسلمانوں کی خاص تعداد کو حج و عمرہ کراتا ہے تو وہ اس پروگرام میں سبھی مسلک کے لوگوں کو شامل کرتا ہے اور ایسے لوگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے جو اپنے شعبے کی معزز شخصیات ہوں ۔ جمعیت و جماعت اور تنظیم و ادارے کے ذمہ داران اور اہم مذہبی و سیاسی ہستیوں کو شامل کیا جاتا ہے۔ اس طرح کا پروگرام سعودی عرب ہرسال کراتا رہتا ہے ۔ اور ویسے بھی سعودی عرب کے قیام کا مقصد ہی دینی و اسلامی اور انسانی و رفاہی خدمات کو انجام دینا ہے ۔
اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ اس ملک کو مزید خوشحالی اور ترقی سے بہرور کرے، شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان حفظہما اللہ کو امت مسلمہ کی جانب سے جزائے خیر عطا فرمائے اور مملکت سعودی عرب کو تمام شرور و فتن سے محفوظ اور مامون رکھے،آمین

اپنے مضامین اور خبر بھیجیں


 udannewsdesk@gmail.com
 7462884092

ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں


  https://www.facebook.com/udannewsurdu/

loading...
udannewsdesk@gmail.comآپ بھی اپنے مضامین ہمیں اس میل آئی ڈی پر بھیج سکتے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *