سعودی حکومت کے ہم شکرگزار ہیں

سعودی حکومت کے ہم شکرگزار ہیں
ڈاکٹر شہاب الدین مدنی
استاد جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈا نگر نیپال
انسان جس قدر ترقی کررہا ہے اسی حساب سے اسے گرانی کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے اس کا اثر تمام شعبہائے زندگی پر پڑا ہے اور دیکھنے کو ملتا ہے حتی کہ حج وعمرہ بھی اس سے متاثر ہے بسا اوقات بسیار آرزو کے باوجود نامساعد اقتصادی ومعاشی حالات کی وجہ سے اس عظیم عبادت سے انسان محروم رہ جاتا ہے، حج وعمرہ کی سعادتیابی ہر باشعور شخص کی تمنا ہوتی ہے مگر وسائل واسباب نہ ہونے کی وجہ سے اس مقدس فریضہ کو ادا نہیں کر پاتا، لیکن سعودی عرب ایک مثالی ملک ہے اس ملک نے کبھی کسی کو محروم نہیں کیا، ہر طرح کی خدمت کرکے دنیا کے تمام مسلمانوں کے لئے سہولت کا کام کیا اور انہیں احساس دلایا کہ ہم آپ کے بھائی ہیں، ہم آپ کے بہی خواہ ہیں، ہمیں آپ کی فکر ہے، آپ کی آسانی کے لئے جو بھی ہم سے بنا ہے کیا ہے، کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے ان شاء اللہ.
حاجیوں کی زائرین کی عمرہ کے لئے جانے والوں کی خدمت کرنا اپنے لئے اعزاز سمجھنے والا یہ ملک ہر سطح پر ان کی حفاظت وسہولت کے لئے تگ ودو میں رہتا ہے اور ہر ممکن خدمت انجام دیتا ہے، اس ملک کی بالغ نظری کا عالم ونتیجہ ہے کہ خدمت کا دائرہ مقامات مقدسہ میں تشریف لانے والوں تک ہی محدود نہیں رہتا بلکہ اسے عام کرتے ہوئے اپنے ملک ومعاشرے میں پسے ہوئے ان افراد تک عام کردیا ہے جو حج وعمرہ کی آرزو لئے حسرت وناامیدی میں جی رہے ہوتے ہیں، جن کے وہم وگمان سے بھی حج وعمرہ بالا ہوتا ہے، جن کی مالی حالت نے حج وعمرہ کو ان کے حاشیہ خیال سے بھی نکال دیا ہے، مگر شاہی حکم صادر ہوتا ہے اس سال اتنے ہزار افراد کو شاہی ضیافت پہ عمرہ کروایا جائے گا، اتنے ہزار کو حج کے لئے شاہی مہمان کا شرف حاصل ہوگا. اس شاہی فرمان کے بعد انہیں حج وعمرہ کی ادائیگی کا وہ سنہری موقع ملتا ہے کہ زندگی بھر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتا رہے پھر بھی حق ادا نہ ہوگا، سعودی حکومت کی شاہی ضیافت تعظیم وتکریم میں بہ آسانی حج وعمرہ کرنا بہت بڑی نعمت ہے، خوش نصیب ہے وہ بندہ جسے یہ میسر آجائے.
سعودی عرب نے اس جانب خصوصی توجہ دی ہے اور برسوں سے اس پر عمل پیرا ہے، اسی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی عمرہ کے لئے ایک ہزار کو شاہی مہمان بنانے کا اعلان کیا ہے تمام حضرات شاہی ضیافت سے مستفید ہوتے ہوئے شاہانہ انداز میں عمرہ ادا کریں گے اور خادم الحرمين الشريفين شاہ سلمان بن عبدالعزيز آل سعود جیسے دین پسند کی کرم فرمائی سے مستفید ہوکر اس عظیم فریضہ کو ادا کریں گے اللہ رب العالمین شاہ سلمان کو صحت وتوانائی سے نوازے ان کی عمر میں برکت دے.
سعودی عرب کے اس اعلان شاہی پر ہر طبقہ بصمیم قلب شکرگزار ہے اور داد وتحسين دینے پر نازاں فرحاں اور مسرور ہے ہم نیپالی بھی اس اعلان شاہی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ہماری عقیدت ونیازمندی خراج تحسین کی شکل میں ہے، ہم جیسے پسماندہ ملک میں مقیم لوگوں کے لئے بڑی عظیم خوشخبری اور پر مسرت لمحہ ہے، ہم سعودی عرب کے فرمانروا ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لئے نیک نیتی سے دعاگو ہیں اللہ ان کی خدمات کو شرف قبولیت بخش، ان کی عمر بابرکت بنا، اس مملکت کی ہر طرح سے حفاظت فرما، ملت اسلامیہ کے لئے عظیم سرمایہ کی حیثیت سے اس کی دیکھ ریکھ کر. آمین

اپنے مضامین اور خبر بھیجیں


 udannewsdesk@gmail.com
 7462884092

ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں


  https://www.facebook.com/udannewsurdu/

loading...
udannewsdesk@gmail.comآپ بھی اپنے مضامین ہمیں اس میل آئی ڈی پر بھیج سکتے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *