ہم اور ہمارا سماج

 

 

محمد طاسین ندوی

 

 

بسم اللہ الرحمن الرحیم

اللہ تعالی نے حضرت انسان کی تخلیق فرمائی ،ان کے کھانے پینے رہنے بسنے کا سارا انتظام و انصرام فرمایا، مخلتف قبائل و گروہ بنایا تاکہ ایک دوسرے کی پہچان ہوسکے، چنانچہ فرمان باری تعالی ہے .

“يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنَّا خَلَقْنَاكُم مِّن ذَكَرٍ وَأُنثَىٰ وَجَعَلْنَاكُمْ شُعُوبًا وَقَبَائِلَ لِتَعَارَفُوا ۚ إِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِندَ اللَّهِ أَتْقَاكُمْ ۚ إِنَّ اللَّهَ عَلِيمٌ خَبِيرٌ”سورة الحجرات ١٣

اے لوگو! ہم نے تمہیں ایک ہی مرد اور عورت سے پیدا کیا ہے، اور تمہارے خاندان اور قومیں جو بنائی ہیں تاکہ تمہیں آپس میں پہچان ہو، بے شک تم میں سے زیادہ عزت والا اللہ کے نزدیک وہ ہے جو تم میں سے زیادہ پرہیزگار ہے، بے شک اللہ سب کچھ جاننے والا خبررکھنےوالا ہے.

اس دستور العمل اور دستورحیات میں اللہ جل جلالہ نے آپسی و باہمی عداوت و منافرت کو ممنوع قراردیا، تاکہ بنی نوع انسان چاہے مسلم ہو یا غیر مسلم باہم عدم منافرت و عداوت کے ساتھ اپنی اپنی زندگیاں گزاریں.

لیکن جب ہم اپنے معاشرہ، اپنے سماج پر نظر ڈالتے ہیں تو ہمیں دیکھنے کو کیا ملتا ہے؟ یہی نا کہ کہیں قبیلہ اور خاندان ایک دوسرے سے دست گریباں ہیں، تو کہیں مسلم اور غیر مسلم کا دنگل چل رہا ہے، ہم سبہوں نے انسانیت کہ سارے اسباق و پیغام کو بالکل بھلا دیا ہے، اسی وجہ سے آج جہاں جو اقلیت میں ہیں اکثریت ان پر بھاری ہے، اور ایسا ہو کیوں نہ کیونکہ ہم مسلمانوں نے بھی فرمودات نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو سرے سے اپنے دل و دماغ سے نکال کر کہیں دور دراز کھائی میں جا پھینکا ہے، ہم مسلمان ہیں اور اللہ تعالی نے فرمایا ہے :اِنَّ الدِّيْنَ عِنْدَ اللّـٰهِ الْاِسْلَامُ.سورة آل عمران ٢٠٠

ترجمہ:بےشک دین اللہ کے ہاں فرمانبرداری ہی ہے.

اور یادرکھئے اللہ کی فرمانبرداری ہی عبادت وبندگی ہے چنانچہ باری تعالی کا ارشاد ہے :

وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْاِنْسَ اِلَّا لِيَعْبُدُوْنِ.سورة الذاريات٥٦

ترجمہ:اور میں نے جن اور انسان کو بنایا ہے تو صرف اپنی بندگی کے لیے.

آج اس آفت ناگہانی سے دوچار عالم میں ہم بحیثیت مسلمان یہ جائزہ لیں کہ ہرچہار جانب اس جان لیوا وبائی بیماری کووڈ ۱۹ کورونا وائرس کا کس قدر ہنگامہ برپا ہے.

آج تک بقول اطباء و حکماء اور ماہرین اس کی کوئی مناسب دوا دریافت نہ ہوسکی ہے ۔اس وبا سے بچنے کا واحد حل و علاج سماجی دوری بنا کر رکھنا ہی بتایا جارہا ہے حکومت ، ممالک اپنے باشندگان ملک سے باربار یہ گزارش کررہی کہ اپنے آپ کو اس وبا سے محفوظ رکھنے کے لئے سماجی دوری بناکر حکومت کا ہاتھ بٹائیں بھیڑ بھاڑ جلسہ و جلوس سےبالکلیہ اجتناب کریں اگر کوئی اس وبا سے دوچار ہوں تو اس کے بارے میں جلد از جلد حکومت کو آگاہ کریں تاکہ حکومت اس کی جان بچانے میں کامیاب ہو سکے اور بیماری دوسروں تک نہ پہنچے .

عالمی و ملکی حالات کے اس تناظر میں ہمیں ایک مہذب شہری ہونے کہ ناطے حکومت کے اقدامات پر خود بھی عمل کرناچاہئیے اور اعزہ و اقارب ،ہمسایہ و دوست، ہر کس و ناکس کو اس پر عمل کی تلقین کرنی چاہیے کیونکہ حکومت کی جائز و مصلحت پر مبنی باتوں کو سمجھنا ماننا اور اس پر عمل کرنا بھی عبادت کے مترادف ہے.

قارئین کرام! ایسےپرآشوب وقت میں جب کہ حکومت نے اس وبا سے نمٹنے کہ لئے بالکل لاک ڈاؤن کیا ہو اور اس کی تاریخ میں مزید توسیع ہوتی چلی جارہی ہے تو ہمیں اپنے گردو نواح میں رہنے بسنے والوں کا جائزہ لینا چاہئیے کہ آیا اس مہاماری میں ـ جب کہ سارے لوگ معطل بیٹھے منتظر فردا ہیں کہ کب حالت ساز گار ہو سارے لوگ اپنے اپنے کاموں پر لوٹیں ـ جو بن پڑے اشیاء خورد و نوش یا اس کے علاوہ اور کوئی ضروریات زندگی کی اشیاء ان تک پہنچانے کی جتن کریں اور ضرورت مندوں تک راحت رسائی کا کام جاری رکھیں کیوں کہ اچھا انسان وہ ہے جو دوسروں کے کام آئے. 

لوگ وہی جہاں میں اچھے

آتے ہیں جو کام دوسروں کے

اللہ تعالی ہمیں ان باتوں پر عمل کی توفیق دے اور اس آفت ناگہانی” کرونا وائرس “سے جلد از جلد نجات نصیب فرمائے .آمین

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــ

 

taseennoori16@gmail.com

 

اپنے مضامین اور خبر بھیجیں


 udannewsdesk@gmail.com
 7462884092

ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں


  https://www.facebook.com/udannewsurdu/

loading...
udannewsdesk@gmail.comآپ بھی اپنے مضامین ہمیں اس میل آئی ڈی پر بھیج سکتے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *