رمضان المبارک:رمضان المبارک میں کیے جانے والے افضل اعمال

 

نویں قسط(حصہ سوم

 

کثرت سے صدقہ و خیرات کرنا.

 

از قلم :طیبہ شمیم تیمی بنت ابو انس شمیم ادریس سلفی/ بابو سلیم پور/ دربہنگہ* .

 

 

بسم اللہ الرحمن الرحیم

چار افضل اعمال کا بیان ہو چکا ہے الحمد للہ… 1)رمضان المبارک کا روزہ رکھنا. 2)تراویح کا اہتمام کرنا. 3)بکثرت توبہ و استغفار کرنا. 4)قرآن کریم کی تلاوت کا بکثرت اہتمام کرنا. اب آئیے نمبر پانچ جانتے ہیں یعنی (کثرت سے صدقہ و خیرات کرنا). عزیز قارئین کرام :نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ و سلم کی عادت مبارکہ میں سے تھا کہ آپ بہت زیادہ سخاوت اور کثرت کے ساتھ صدقہ و خیرات کرنے والے تھے. کوئی سائل آپ کے در سے خالی ہاتھ واپس نہ لوٹتا. لیکن جب رمضان المبارک کا مہینہ آتا تو اس ماہ میں آپ کی فیاضی و سخاوت اور صدقہ و خیرات کرنے کی مقدار عام مہینوں کی نسبت مزید بڑھ جاتی. بلکہ تیز ہوا سے بھی زیادہ آپ کے صدقہ و خیرات میں اضافہ ہو جاتا. اور تیز ہوا بھی آپ کی سخاوت کا مقابلہ نہیں کر سکتی تھی یعنی جس طرح ہوا تیز رفتار سے چلتی ہے اور بلا تفریق عام و خاص سب کو فائدہ پہنچاتی ہے اسی طرح رمضان المبارک میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ والہ و سلم کی سخاوت اور صدقہ و خیرات سے ہر عوام و خواص مستفید ہوتا. جیسا کہ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے :”كان رسول الله صلى الله عليه وسلم أجود الناس, و كان أجود ما يكون في رمضان حين يلقاه جبرئيل, و كان جبرئيل عليه السلام يلقاه في كل ليلة من رمضان فيدارسه القرآن, فلرسول الله صلى الله عليه وسلم حين يلقاه جبرئيل أجود بالخير من الريح المرسلة “.یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ و سلم لوگوں میں سب سے زیادہ سخی تھے, اور آپ کی سخاوت رمضان المبارک میں اور زیادہ بڑھ جاتی جب آپ سے حضرت جبرئیل آ کر ملتے, اور جبرئیل علیہ السلام رمضان المبارک کی ہر رات میں آپ سے ملتے تھے اور دوران ملاقات آپ سے قرآن کریم کا دور و مدارسہ کرتے تھے. اور آپ سے جب جبرئیل علیہ السلام ملتے, تو بھلائی و خیر کے کاموں میں آپ تیز و تند ہوا سے بھی زیادہ سخاوت فرماتے تھے (یعنی تیز ہوا چلنے والی سے بھی زیادہ آپ سخاوت فرماتے تھے). (متفق علیہ). اس حدیث سے معلوم ہوا کہ رمضان المبارک میں کثرت سے صدقہ و خیرات کرنا چاہئے اور اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ نیک و صالح اور اچھے انسان کی صحبت اختیارکرنی چاہئے اور ان سے موقع نکال کر ملتے جلتے رہنا چاہئے. اس سے انسان کے اندر نیک و اچھے کام کرنے کی خواہش و رغبت پیدا ہوتی ہے اور اگر وہ نیک شخص ہو تو اس کی نیکی اور کار خیر میں اور اضافہ ہو جاتا ہے جیسا کہ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ آپ صلی اللہ علیہ والہ و سلم سخی تو تھے ہی لیکن جب رمضان المبارک میں آپ حضرات جبرئیل سے ملتے تو آپ کی فیاضی و سخاوت میں اور زیادہ اضافہ ہو جاتا اور حدیث نبوی صلی اللہ علیہ والہ و سلم ہے :”مثل جليس الصالح كمثل صاحب المسك إن لم يصبك منه شيئ أصابك من ريحه, و مثل جليس السوء كمثل صاحب الكيران إن لم يصبك من سواده أصابك من دخانه “. یعنی نیک ساتھی کی مثال کستوری والے کی مانند ہے. اگر تمہیں اس میں سے کچھ نہ بھی ملے تو بھی اس کی خوشبو ضرور پہنچے گی. اور برے ساتھی کی مثال بھٹی والے کی طرح ہے اگر تجھے اس کی کالک نہ لگی تو دھواں تو ضرور لگ جائے گا. (بخاری /5059/و ابو داؤد /4829).اور شعر ہے

 

صحبت صالح ترا صالح کند….

صحبت طالح ترا طالح کند

 

یعنی انسان جس کے ساتھ اٹھتا بیٹھتا ہے اور جس کی صحبت اختیار کرتا ہے اسی کا اثر اس کے اندر پایا جاتا ہے اس لئے نیک و صالح لوگوں کی صحبت اختیار کرنی چاہئے.

قارئین کرام : ہمیں چاہئے کہ ہم اس کار خیر میں سبقت کریں اور بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لیں. خاص کر رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ کی رضا کے خاطر اور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ و سلم کی سنت مبارکہ پر عمل کرتے ہوئے کثرت سے صدقہ و خیرات کریں. اورسخاوت و فیاضی کا مظاہرہ کریں غرباء و مساکین کی مدد کریں ان کی ضروریات کا خیال رکھتے ہو ئے اس کو حسب استطاعت پوری کرنے کی کوشش کریں. اور ساتھ ہی دوست و احباب اور نیک لوگوں کو بھی تحفہ و تحائف دیں تاکہ آپسی پیار و محبت میں اضافہ ہو. اور نیک لوگوں کی دعائیں حاصل ہو اورنیک و صالح لوگوں اور علماء کرام سے میل جول قائم رکھیں اور وقتا فوقتاً ان سے وقت نکال کر ملتے جلتے رہیں تاکہ ان سے کتاب و سنت کا علم حاصل ہو اور ہمارے اندر بھی انکا اثر آئے اور ہم بھی نیک و متقی اور پرہیز گار بن جائیں اور ہمارے خیر و بھلائی اور فلاح و بہبود اور نیکی کے کاموں میں مزید اضافہ ہو. اخیر میں میں اللہ عز و جل کے دربار میں دست بدعا ہوں کہ اے رب العالمین ہم تمام مسلمانوں کو فیاض و سخی بنا دے خاص کر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بکثرت صدقہ و خیرات کرنے کی توفیق عطا فرما. آمین ثم آمین تقبل یا رب العالمین….. جاری.

من جانب :علامہ دکتور محمد لقمان السلفی اسلامک لائبریری

اپنے مضامین اور خبر بھیجیں


 udannewsdesk@gmail.com
 7462884092

ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں


  https://www.facebook.com/udannewsurdu/

loading...
udannewsdesk@gmail.comآپ بھی اپنے مضامین ہمیں اس میل آئی ڈی پر بھیج سکتے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *