عید قرباں کا پیغام ملت اسلامیہ کے نام

عید قرباں کا پیغام ملت اسلامیہ کے نام

 

میر ساحل تیمی نرکٹیاوی

 

یہ بات سچ ہے کہ عید قرباں اسلامی تہواروں میں سے ایک عظیم تہوار اور اسلامی عبادات میں سے ایک عظیم عبادت ہے،اس کی سب سے بڑی خصوصیت وہ قربانی ہے جو جانوروں کی شکل میں اللہ تعالیٰ کے لئے پیش کی جاتی ہے۔بندہ اپنے رب کے لئے عمدہ مال سے جانور خریدتا ہے،ساتھ ہی ساتھ پالتا ہے،اور مضبوط و توانا بنا کر رب کی رضا کے لئے قربان کرتا ہے،اس سے اس کا مقصد صرف اللہ کی خوشی حاصل کرنا اور سیدنا ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام کی جاری کردہ سنت پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق عمل کرنا ہے۔

قارئین کرام! قربانی ایک مالی عبادت ہے اس لیے بندہ یہ چاہتا ہے کہ جانوروں کی خریداری میں حرام مال کا شائبہ تک نہ ہو۔وہ اپنی کمائی کا پاکیزہ مال ہی استعمال کرتا ہے۔اگر ایسا نہیں کرتا تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ رسمی طور پر اس عمل کو انجام دینے کا خواہاں ہے جس پر نہ اللہ کی خوشی ملے گی اور نہ ہی اس عمل کی بنا پر آخرت میں سرخرو ہو سکے گا۔

قربانی کا یہ پیغام پوری ملت اسلامیہ کے لیے عام ہے کہ جو جذبات انسانوں کے ہیں وہ صرف اسی موقعہ کے لئے نہ ہوں بلکہ جس طریقے سے سیدنا ابراہیم خلیل اللہ اور ان کے لخت جگر نور نظر حضرت اسماعیل ذبیح اللہ علیہما السلام نے ہر طرح کی قربانی پیش کی اس طرح ہر مسلمان یہ جذبہ رکھے کہ سماج و معاشرہ کے لئے،گھر کے لئے،مدارس و جامعات کے لئے،جماعت و جمعیت کے لئے اور اہل و عیال کے لیے اپنے مفادات سے بالاتر ہوکر قربانی و ایثار کا مظاہرہ کرے،نیک جذبات و خواہشات پر نفسانی خواہشات کو قربان کرے،اس بار کورونا وائرس جیسی مہماری وبا اور لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے بہت سارے بھائیوں کے پاس قربانی نہیں ہے اس لیے محض اپنے لیے خوشیوں کا سامان نہ کرے بلکہ غرباء ومساکین کی دلجوئی کرے،قربانی کا گوشت خود کھائے اور ان کو بھی کھلائے اور ایسا کرنا اخوت و مواسات ہمدردی و غمگساری کا عمدہ ثبوت فراہم کرنا ہے اور یہی اسلامی تعلیم بھی ہے۔

اللہ تعالیٰ نے بہت سارے بھائیوں کو ایک نہیں کئی قربانیوں سے نوازا ہوگا اس لیے ان کے دل میں ان مفلوک الحال اور پریشان حال بھائیوں کی خبر گیری کا جذبہ ہونا چاہیے۔اس بار پیسہ نہ ہونے کے سبب جو لوگ نیک جذبات رکھتے ہوئے بھی قربانی کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے،ان کا تعاون کرنا چاہیے۔ضرورت ہے کہ ان لوگوں کو بھی عید قرباں کی خوشیوں میں شامل کریں اور ایسا کرنا ہی عید قرباں کا پیغام ہے۔

عید قرباں کے اس حسین موقعہ پر صاحب حیثیت مسلمانوں سے یہی گزارش ہے کہ وہ غریب مسلمانوں کی خوشیوں کو باقی رکھنے کے لئے قربانی کے لئے جانور دیں تاکہ وہ بھی قربانی کرکے مسلمانوں کی خوشیوں میں برابر شریک ہوسکے۔۔۔۔۔۔۔

اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کی قربانیوں کو قبول فرمائے اور اپنے مسلمان مفلوک الحال بھائیوں کا خیال رکھنے،ان کا تعاون کرنے اور ان کی ضرورتوں کو پورا کرنے کی توفیق بخشے آمین۔

اپنے مضامین اور خبر بھیجیں


 udannewsdesk@gmail.com
 7462884092

ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں


  https://www.facebook.com/udannewsurdu/

loading...
udannewsdesk@gmail.comآپ بھی اپنے مضامین ہمیں اس میل آئی ڈی پر بھیج سکتے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *