عبدالعزیز تیمی صندلی گوپال گنج
یہ بات مسلم ہے کہ رمضان المبارک تمام مہینوں میں افضل ہے جس کی افضلیت کی تصدیق قرآن وسنت سے ثابت ہے اس ماہ کی آمد سے قبل ہی انسانی نفس کی تربیت اور مسلمانوں کے گناہوں سے پاکیزگی کا کام شروع ہوجاتا ہے شعبان میں کئے جانے والے اعمال جہاں اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ اس کے بعد آنے والے ایام ان ایام سے زیادہ بہتر ہیں اس لئے اس کی تیاری انہی ایام سے شروع کردیں اور یہ خاص کرم بھی ہے اللہ رب العزت کا کہ وہ اپنے بندوں کو اچانک کسی کام کےلئے نہیں کہتا ہے بلکہ بڑے عمل کو انجام دینے سے قبل چھوٹے عمل کی طرف نفس کو تیار کرواتا ہے پھر اس کے بعد اس عمل کرنے کو کہتا ہے جس کا اصل مقصد ہوتا ہے اور یہ انسانی فطرت کے مطابق بھی ہے انسان جب کوئی عمل کرنا شروع کرتاہے تو اس عمل کو کرنے سے قبل کئی بار اس کی مشق کرتا ہے تاکہ اس میں کسی طرح کی کمی نہ رہ جائے اس بڑے عمل میں جب کوئی کمی رہ جاتی ہے تو پھر اسے ایک موقع ملتاہے تاکہ اس موقع کو غنیمت سمجھتے ہوئے جو کمی رہ گئی ہے اس کو پورا کر لے اسی طرح رب کریم نے ہمیں ایک ماہ مکمل کر نے کے بعد اس میں ماہ کی مزید اہمیت کو بڑھاتے ہوئے ماہ شوال کے چھ روزے رکھنے والوں کے لئے ایک سال کے روزے رکھنے کے برابر ثواب دینے کا وعدہ کیا اس روزے کو چاہے مسلمان لگاتار یا ناغہ کرکے رکھے اس میں کوئی قید نہیں ہے ۔ابھی مکمل ایک ماہ کے روزے رکھیں ہیں عادت بنی ہوئی ہے اگر ذرا بھی کوتاہی ہوئی تو یہ موقع ہاتھ سے نکل جائے گا کیونکہ یہ بھی موقع سال میں ایک بار ہی ملتاہے اور اس روزے کی جب اتنی فضیلت ہے کہ ایک سال روزے کا ثواب ملتا ہے تو اس میں ذرہ برابر بھی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے
ماہ رمضان کے اگر فرض روزے چھوٹ گئے ہوں کسی سفر یا بیماری کی وجہ سے تو پہلے اسے ادا کریں پھر اس ماہ میں چھ روزے بھی ضرور رکھیں کیونکہ آج کل ہم مسلمان اتنے گناہ میں ملوث ہیں کہ اس کی کوئی حد ہی نہیں ہے اور اتنی مصروف زندگی ہماری بن گئی ہے کہ ہم دیگر ایام کے نفلی روزے رکھتے ہی نہیں یہ موقع بہت قیمتی ہے اس کو ضائع نہ ہونے دیں آج تو ہماری حالت یہ ہے کہ شوال کا چاند دیکھتے ہی سارے فرائض اور نفلی عبادات کو اس طرح بھول جاتے ہیں کہ گویا ہم مسلمان صرف ایک ماہ کے لئے ہوئے تھے شیاطین جس طرح ایک ماہ کے بعد آزاد ہوتے ہیں ویسے ہی ہم بھی ایک ماہ کے بعد آزاد ہو جاتےہیں،نہ قرآن کی تلاوت نہ سنن و نوافل کا اہتمام ،غیبت، چغل خوری اور جھوٹ و فریب کا پھر بازار گرم ہوجاتا ہے ۔ان سب سے اللہ ہمیں محفوظ رکھے، اس ماہ کے روزے رکھنے اور عمل صالح کی توفیق عطا فرمائے آمین
عبدالعزیز تیمی صندلی گوپال گنج
اپنے مضامین اور خبر بھیجیں
udannewsdesk@gmail.com
7462884092
ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں
https://www.facebook.com/udannewsurdu/