جامعہ عثمانیہ دار السلام میں 72 واں یوم جمہوریہ منایا گیا

جامعہ عثمانیہ دار السلام میں 72 واں یوم جمہوریہ منایا گیا

 

72 واں یوم جمہوریہ کل ملک بھر میں پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، اس ضمن میں جامعہ عثمانیہ دار السلام تتریا، صاحب گنج، جھارکھنڈ میں بھی یوم جمہوریہ کی تقریب نہایت ہی تزک و احتشام کے ساتھ منعقد کی گئی ، حسب روایت صبح ساڑھے نو بجے قومی پرچم ترنگا کی کشائی کی گئی، قومی ترانہ سمیت حب الوطنی پر مشتمل ڈھیر ساری نظمیں پڑھی گئیں.

 

پرچم کشائی کے بعد تقریب میں موجود جناب قاری نثار احمد خیری/ حفظہ اللہ نے یوم جمہوریہ کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے ملک کی سلامتی اور آئین کی حفاظت کے لیے آپسی اتحاد کو فروغ دینے کا پیغام دیا.

 

اسی طرح جناب ماسٹر مہتاب رشیدی حفظہ اللہ نے بھی “یوم جمہوریہ اور آئین ہند”کے موضوع پر گفتگو کی، انہوں نے دوران گفتگو زور دے کر کہا کہ آج آئین ہند کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے، فسطائی طاقتیں اسے مٹانے پر کمر بستہ ہیں، ایسے میں اس بات کی شدید ضرورت ہو گئی ہے کہ ہر یوم جمہوریہ کی مناسبت سے اس طرح کی تقریبات کا انعقاد ہو، تاکہ ان کے حوصلے پست ہوں.

 

سب سے اخیر میں جناب سہیل لقمان تیمی/ حفظہ اللہ نے “یوم جمہوریہ ہم کیوں مناتے ہیں؟ ” کے موضوع پر پر مغز خطاب کیا، موصوف نے دوران خطاب کہا کہ ہمارے ملک کی تاریخ میں دو دنوں کو بڑی اہمیت حاصل ہے، جن میں سے ایک 26 جنوری ہے، جسے پورا ملک یوم جمہوریہ کے نام سے جانتا ہے، 1950 میں اسی دن ہمارے ملک میں اس آئین کا نفاذ ہوا، جس نے ہم سب کو بحیثیت شہری یہاں آزادانہ طور طریقوں سے جینے کے حقوق عطا کئے ہیں.

 

انہوں نے مزید کہا کہ ہم یوم جمہوریہ اس لیے مناتے ہیں کہ ملک کے تمام باشندگان کو یہ علم ہو جائے کہ یہ ملک کسی کی جاگیر نہیں ہے، یہ اس ملک کے سبھی شہریوں کا ہے، ہر شہری کو ملک کے کسی بھی خطے میں امن کے ساتھ رہنے اور کسی بھی مذہب کو فالو کرنے کا پورا پورا حق حاصل ہے، اگر کوئی شخص اس کے لیے رکاوٹ بنتا ہے تو وہ نہ صرف اس کا دشمن ہے، بلکہ وہ آئین و ملک کا بھی دشمن ہے.

 

موصوف نے اپنی گفتگو کا اختتام دعائیہ کلمات سے کیا کہ اللہ تعالیٰ ملک عزیز کو فرقہ وارانہ فسادات سے بچا کر رکھے اور اسے دن دونی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے.

 

واضح رہے کہ سب سے اخیر میں اس تاریخی تقریب میں شریک ہونے والے تمام طلبہ و طالبات اور مہمانوں کے درمیان مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا گیا.

اپنے مضامین اور خبر بھیجیں


 udannewsdesk@gmail.com
 7462884092

ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں


  https://www.facebook.com/udannewsurdu/

loading...
udannewsdesk@gmail.comآپ بھی اپنے مضامین ہمیں اس میل آئی ڈی پر بھیج سکتے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *