*سال رواں کا حج: شاندار اختتام*
*محمد ثمامہ رحمت اللہ عمری*
حج، ایک اسلامی فریضہ ہے،جس کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے حجاج کرام مکہ مکرمہ (سعودی عرب) پہنچتے ہیں۔ کورونا کی وبا سے متاثر ہونے کے بعد اس سال بڑے پیمانے پر حج کی ادائیگی کا اعلان شاندار حکومت (حکومت سعودی عرب) کی طرف سے کیا گیا، جس کے بعد پوری دنیا سے حاجیوں کا سیلاب امنڈ پڑا، اور ایک عظیم عالمی اجتماع وعالمی کانفرنس مکہ مکرمہ میں شروع ہوگئی۔ پورے عالم سے مکہ مکرمہ پہنچنے والے حاجیوں کا اتنا بڑا اجتماع، اور کورونا کے پیش نظر اس کے متعلق احتیاطی تدابیر کا بروئے کار لانا کوئی آسان کام نہیں تھا، مگر اللہ تعالی نے سعودی حکومت اور خادم حرمین شریفین کو یہ فضل وشرف بخشاہے، اور قابل مبارک باد کارناموں کو انجام دینے کی قوت وطاقت کہ حاجیوں کے لیے پورے مشاعر حرام میں جو نظم وضبط کیا گیا، سہولیات وآسانیاں فراہم کی گئیں، وہ ناقابل بیاں ہے۔ یہ کوئی ادعانہیں ہے، بلکہ اس سال حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچنے والے حجاج کرام کا تاثر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے کے بالمقابل اب حج کا سفر بہت آسان ہوگیا ہے۔ مسجد حرام، مطاف، صفامروہ، منی ومزدلفہ اور د یگر مقامات میں سعودی حکومت نے جو انتظامات کردیئے ہیں۔ اس سے ساری مشکلات دور ہوگئی ہیں۔ بعض حاجیوں کا تاثر ہے کہ حج کی تاریخ پر موجود کتابیں پڑھیں تو معلوم ہوتاہے کہ پہلے حج کا سفر خطرات سے بھرا ہوتا تھا، حجاج کرام کو مکہ سے منی، مزدلفہ اور عرفات جانے میں اور ان مقامات پر ٹھہرنے میں بڑی مشکلات پیش آتی تھیں، مگر اس سال کے حج کی سہولیات نے کتابوں میں درج ان باتوں کو غلط ثابت کردیا کہ اب وہ زمانہ نہیں رہا، سعودی حکومت حاجیوں کی رہنمائی کے لیے ”مکہ روٹ“ پروگرام چلاتی ہے، جس سے حج کا سفر بے حد آسان ہوگیاہے، یہ صر ف حاجیوں کا تاثر نہیں، بلکہ امر واقعی ہے کہ حکومت سعودی عرب سال بھر مسجد حرام، منی، مزدلفہ اور عرفات وغیر ہ میں اصلاحات وترمیمات کا کام کرتی رہتی ہے، تاکہ ہر آنے والا سال حاجیوں کے لیے گزشتہ سال سے بہتر ثابت ہو اور الحمد للہ اس سال کا حج حاجیوں کے لیے گزشتہ سالوں کے حج سے بہتر ثابت ہوا،حکومت سعودی عرب کے ٹھوس انتظامات کی وجہ سے کہیں بھی حاجیوں کو دشوار یوں کا نہ سامنا کرنا پڑا اور نہ ہی کہیں کوئی تکلیف دہ واقعہ وحادثہ پیش آیا۔
اس سال حاجیوں نے سعودی حکومت اور شاہی خاندان اور سعودی عوام سے جو بہترین خدمات حاصل کیں اور جس طرح سے مہمان نوازی کی گئی، اس کے لیے ان حضرات کی اور سعودی حکومت کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ اس سال کا حج اپنے اختتام کو پہنچ چکاہے، مگر اس سال کے حج کے حوالے سے سعودی حکومت اور عوام اور حج کے امور کو انجام دینے والے تمام ادارے ہمیشہ یاد کیے جائیں گے۔
اللہ تعالی سعودی حکومت کو نظر بد سے بچائے،اور اس سے تا صبح قیامت حرمین کی خدمت کا کام لیتا رہے!
اپنے مضامین اور خبر بھیجیں
udannewsdesk@gmail.com
7462884092
ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں
https://www.facebook.com/udannewsurdu/