بسم اللہ الرحمن الرحیم
*فرد کی کامیابی میں رجحان اور میلان کا اثر*
مرتب : عبدالمبین محمد جمیل سلفی ایم اے اردو
ہر ایک شخص کے اوپر گھر سماج اور ماحول کا بڑا گہرا اثرہوتا ہے وراثت بھی اثر سے خالی نہیں ہوتی اسکے باوجود بھی اگر فرد اور ذات کے شخصی رجحان اور میلان کو نظر انداز کرکے ماحول کے زیر اثر کردیا جاۓ تو نقصان اور خسارہ لازم ہے شخصی رجحان کسی بھی شخص کی کامیابی کے لئے شاہ کلید ہوسکتا ہے اس چیز کو نظر انداز کرکے شخص کو اس راستے پر چلنے دیں جو اسے منزل مقصود تک نہیں لے جاسکتا ہے یا جو اسکے لئے پرکشش نہیں ہے ہاں یہ ضرور ہے کہ یہ منزل اس کے والد کے یا افراد خانہ میں سے کسی کے لئے کچھ معنی رکھتی تھی اور یہ بھی صحیح ہے کہ باپ کی حتی المقدور یہ خواہش وآرزو تھی کہ وہ اپنے تجربات ومشاہدات کو بیٹے کی گھٹی میں ڈال دے اور بیٹا اس کا حقیقی جانشین بن کر اس بنیاد کو مزید اونچا کرے جو اس نے شبانہ روز کی پیہم جد وجہد سے تیار کی ہے
واقعتا اگر بیٹے کو باپ کے کام سے رغبت ہوگی اور اسکا رجحان اسی جانب ہوگا تو وہ باپ کی عزلت نشینی کے بعد اس کا حقیقی جانشین ہوگا اور اسکی بنیادوں پر مضبوط ومستحکم دیوار کھڑی کرکے سماج ومعاشرہ کے لئے سود مند ثابت ہوگا لیکن ہر ایک شخص ایسا کرجاۓ ضروری نہیں کیونکہ اس کا رجحان اور اسکی رغبت دوسری چیزوں میں لیکن ماحول وسماج کے جبر سے اس نے طبعی رجحان کے برخلاف قدم اٹھایا نتیجتا باپ کے سارے کئے دھرے پر پانی پھیر دیا کیونکہ اس میں وہ صلاحیت نہیں ہے جو اسکے باپ میں تھی اس لئے وہ وقت سے پہلے ماندہ اور دوسروں پر حد سے زیادہ بھروسہ کرنے لگتا ہے اور بالآخر سب کچھ کھو بیٹھتا ہے انجام کار ناکامی اور نامرادی ہوتی ہے
اقبال نے غالبا اسی جانب اشارہ کیا ہے
باپ کا علم نہ بیٹے کو اگر ازبر ہو
پھر پسر قابل میراث پدر کیوں کر ہو
اس لئے ماہرین تربیت جس چیز میں سب سے زیادہ سر کھپاتے ہیں وہ یہی ہے کہ ہر ایک فرد کو اسکا جائز مقام ملے اور شخص کے اسکی رغبت اور میلان کے مطاںق امور سپرد کئے جائیں
قرآن نے بھی اسی امر کی رہنمائ کی ہے چنانچہ ارشاد ہے (وآت کل ذی حق حقہ) تاکہ وہ اپنے عمل میں کامیاب وکامراں ہوسکے جو کام کرے اس میں فرحت وانبساط محسوس کرے طوعا وکرھا یاحالات کے جبر سے نہیں کیونکہ ایسے میں کامیابی کی راہیں بہت حد تک مسدود ہوجاتی ہیں
ماخوذ از :فلسفۂ تعلیم وتربیت متفرق صفحات
اپنے مضامین اور خبر بھیجیں
udannewsdesk@gmail.com
7462884092
ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں
https://www.facebook.com/udannewsurdu/