دل سے دل کو جوڑو، نفرت بھارت چھوڑو کے عنوان پر سدبھاؤنا سمیلن کا انعقاد
نئی دہلی۔ آل انڈیا یونائیٹید مسلم مورچہ کے زیر اہتمام گاندھی پیس فاؤنڈیشن نئی دہلی میں نفرت بھارت چھوڑو کے عنوان پر سدبھاؤنا سمیلن کا انعقاد کیا گیا۔جس میں جین منی وویک جی مہاراج،سردار پریتم سنگھ،فادر مورس پارکر،بودھ دھرم گرو بھنتے کرونا کرن اور مولانا جاوید قاسمی جمیعتہ علماء ہند دہلی،شیام سندر،نفیس سلمانی،نعیم احمد،ایڈوکیٹ بلال خان،انور خورشید،ایم معراج اور بشیر احمد نے خصوصی طور پرشرکت کی ۔
پروگرام کے آرگنائزر حافظ غلام سرور نے پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تما م مذاہب کے مذہبی پیشوا جب پیار ومحبت کی بات کرتے ہیں تو مذہب کی بنیاد پر نفرت پھیلانے والے آخر کون ہے۔مذہبی پیشواؤں سے انھوں نے اپیل کی کہ وہ ملک کی عوام سے اپیل کریں کہ ہر مذہب کے لوگ دوسرے مذہب کا احترام کریں تاکہ ملک میں امن و سکون اور بھائی چارگی قائم رہے اور امن کا پیغام عام ہو۔
اس موقع پر جاوید قاسمی نے کہا کہ ہم ہندوستان کی سر زمین کو گلزار بنائیں گے فرقہ پرست طاقتوں کو انکے منصوبوں پر کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔فادر مورس پارکر نے کہا کہ ملک میں محبت کا پیغام عام کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لئے ہمیں متحدہ طور پر کوشش کرنی ہوگی۔
جین منی وویک جی مہاراج نے کہا کہ موجودہ وقت میں فرقہ پرست طاقتوں کو جواب دینے اور ملک میں امن وامان کی بحالی کے لئے مذہبی رہنماؤں کو آگے آکر محبت اور بھائی چارگی کا پیغام عام کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے متحدہ کوشش ضروری ہے تبھی ہماری اور ملک کی ترقی ممکن ہے۔
نھوں نے ملک کے عوام سے اپیل کی کہ ملک میں امن وشانتی قائم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔اور ساتھ ہی فرقہ طاقتو ں کیخلا ف آواز بلند کریں۔
بودھ دھرم گرو بھنتے کرونا کرن نے کہا کہ ملک میں ذات و مذہب کے نام پر ظلم وتشدد کا سلسلہ جب تک بند نہیں ہوگا ملک میں امن وسکون کا بحال ہونا ممکن نہیں ہے۔سردار پریتم سنگھ نے کہاکہ ایک دوسرے کے تئیں نفرت ملک کے لئے نقصاندہ ہے۔
اخیرمیں متعدد افراد کو مذہبی رہنماؤں کے ہاتھو ں اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔
اپنے مضامین اور خبر بھیجیں
udannewsdesk@gmail.com
7462884092
ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں
https://www.facebook.com/udannewsurdu/