*آفت زدہ، انسانیت اورہم!*
*✒️عالم فیضی*
اس وقت ترکی اور شام کے لوگ تاریخ کے انتہائی نازک دور سے گزر رہے ہیں۔ دنیا اس تباہی سے لرز اٹھی۔ شدید قسم کے دل دوز زلزلے اور منہدم ہوتی عمارات سے ایک حشر بپا ہوگیا،ہنستا بستا شہرسیکنڈ وں میں خاک و خون میں تبدیل ہوگیا،فلک بوس اور عالیشان عمارتیں زمیں دوز ہوکر ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔اس تباہی سے حد درجہ جانی و مالی نقصان ہوا، جس سے بہت سارے بچے یتیم اور عورتیں بیوہ ہوگئیں،شاد و آباد گھر لمحے بھر میں اجڑ گیے۔کئی گھرانے ایسے بھی ہیں جو چند ایک کو چھوڑکر سب لقمہ اجل بن گیے۔
ہر عام و خاص کی آنکھیں وہاں کی وحشت ناک مناظر کی ویڈیوز اور تصاویر دیکھ کر اشکبار ہیں۔دل شکستہ خاطر ہے۔ خاک و خون میں لت پت اور ملبے کے نیچے دبے مرد و خواتین خصوصا پھو ل جیسے ننھے ننھے بچوں کی آہ و بکا اور ان کے چھلنی اجسام کو دیکھ کر پتھر دل بھی پگھل گئے۔ان کی تکلیف سے کراہ رہی آوازیں سن کر بہت سارے لوگوں پر رعشہ طاری ہوگیا۔
اس وقت اہل شام اور ترکی زندگی کے مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں،او ر وہ لوگ سراسیمگی کی حالت میں امید بھری نظروں سے ہمیں دیکھ کر رہے ہیں، انھیں اس وقت ہماری دعاؤں اور دلاسے کے ساتھ مالی معاونت کی بھی اشد ضرورت ہے، لہذا ایسے نازک وقت میں انسانیت کا یہ تقاضہ ہے کہ ان گردش زدہ لوگوں پر دشت سفقت رکھیں اور جہاں تک ہوسکے بحیثیت انسانیت ان کی مالی امداد کرکے مشکلیں آسان کرنے کی کوشش کریں۔
ہم رسمی طور پران مناظر کی خوشنما تصاویر فیس بک اور واٹساپ وغیرہ پرسجانے سے اجتناب کریں،اگر کچھ کرنا ہی ہے توانگلی کٹاکے شہیدوں میں نام پیدا کرنے سے کہیں بہتر ہے کہ ایک مہم چھیڑیں جس سے لوگ ان کا مالی تعاون کرنے کے لیے آگے بڑھیں، اگر حقیقت میں ہم ان کے تئیں کشیدہ خاطر ہیں،ملبے کے نیچے دبے خون گشتہ بچوں کی تصویریں ہمارے ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہیں تو آگے بڑھیں اور ان کے لیے عوام کو بیدار کریں۔جہاں تک ہوسکے مسلک و مذہب سے بالاتر ہوکر انسانیت کے ناطے ہمدردی کا ثبوت پیش کریں، ریلیف فنڈ کی شکل میں رقم جمع کریں اور اس تعلق سے اپنے دوست و احباب کوبھی اس نیک کام کی جانب ترغیب و تشویق دلائیں۔
اس نازک گھڑی میں متاثرین کے ساتھ بہت سارے ممالک شانہ بشانہ کھڑے ہیں،جس میں ہمارا ملک ہندوستان بھی ہے۔لیکن سعودی عرب لوگوں سے دو قدم آگے اور اس معاملے میں پیش پیش ہے،اس نے ایک مہم چھیڑ رکھی ہے جس میں اب تک پندرہ ارب اور تین کروڑ کی خطیر رقم جمع ہوچکی ہے،ابھی یہ سلسلہ جاری ہے جس سے مزید رقم اکٹھا ہونے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ آج کے خطبہ جمعہ میں وہاں کے ائمہ حضرات کو اس جانب عوا م کو توجہ دلانے کی نصیحت کی گئی ہے، تاکہ مزید لوگ اس معاملے میں آگے بڑھیں۔
محترم قارئین!ہمیں ایسی چیزوں سے عبرت اور نصیحت حاصل کرنی چاہئے،زلزلے اور حادثات اب عام ہوتے جارہے ہیں،لہذا ایسی ناگہانی آفات آنے سے پہلے پہلے ہمیں اپنے گناہوں کی معافی اور تلافی اللہ رب العالمین سے کرلینی چاہئے،کیوں کہ کب کیا ہوجائے اور اجل ہمارے پاس کب آ پہنچے اس کا علم ہمیں نہیں۔ہم اپنی نظروں سے بہت سارے حادثات اور ناگہانی آفات دن بدن ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں لیکن عبرت و نصیحت حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔
اے اللہ ایسی ناگہانی آفات سے ہم سب کی حفاظت فرما،ملک شام اور ترکی کے آفت رسیدہ افراد کی غیبی مدد فرما اور ہم سب کو مذہب و مسلک سے بالاتر ہوکر ایک دوسرے کی معاونت اور انسانیت کا ثبوت پیش کرنے کی توفیق عطا فرما۔
10/02/2023
اپنے مضامین اور خبر بھیجیں
udannewsdesk@gmail.com
7462884092
ہمیں فیس بک پیج پر بھی فالو کریں
https://www.facebook.com/udannewsurdu/